بھٹکل:17/ دسمبر(ایس اؤنیوز)سنیچر کو کالج صحن میں منعقدہ انجمن کالج آف ایجوکیشن بھٹکل کے خوبصورت سالانہ جلسے میں کاروار تعلیمات عامہ کے ڈی ڈی پی آئی پرکاش پی کے نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ طلبا اپنی منزل پر نظر رکھتے ہوئے اتنی کڑی محنت کریں کہ ان کی زندگی کامیاب ہو۔ انہوں نے اپنے تعلیمی دور کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے کہاکہ کس طرح انہو ں نے کٹھن راہوں سے گزر کر اس مقام پرپہنچے ہیں۔ طلبا سے کہا کہ وہ جس میدان سے بھی وابستہ ہیں اس کے متعلق ایمانداری کامظاہر ہ کریں۔
اعزازی مہمان انجمن انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اینڈ مینجمنٹ بھٹکل کے پرنسپال ڈاکٹر مشتاق احمد بھاوی کٹی نے طلبا کی کامیابی میں اساتذہ کے رول پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے موجود ہ جدید زمانے میں ایک استاد کو کس طرح اپ ڈیٹ ہوکر تدریس کرنی چاہئے اس تفصیل سے بات کی۔ انجمن کے نائب صدر عبدالرحمن باطنؔ نے جلسہ کی صدارت کی۔ کالج پرنسپال ذکیہ زرزری نے کالج کے سالانہ رپورٹ کی خواندگی کی۔
جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن مع ترجمہ سے ہوا جس کو کالج کی طالبات شبنم، ناصرہ اور محسنہ نے اداکیا۔ متعلم محمد قاسم نےنعت پیش کی۔ کالج کی طالبہ سندھیا اور ان کے ساتھیوں نے استقبالیہ ترانہ پڑھا۔ فسٹ ائیر کے محمد عرفات نے استقبال کیا تو طالبہ نورا اور کرن دیواڑیگا نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ سکینڈ ائیر کی طالبہ فائزہ نے شکریہ اداکیا۔
ڈائس پر انجمن کے جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل، ایڈیشنل جنرل سکریٹری محمد اسحق شاہ بندری، کالج بورڈ سکریٹری آفتاب قمری وغیرہ موجود تھے۔